سینٹر آف اسلام سائنس

دشمنی سے نہیں ہوتا وہ گرفتار بلا - اپنے سائے میں ترقی جسے دیتا ہے خدا

اکیسوی صدی اور مسلمانوں کی ترقی

تحریر: مسلم مین (www.CoislamScience.com)

میرے ذاتی تجربہ اور غورفکر کے مطابق یہ بات تو واضح ہے کہ قرآن اللہ کا ایسا کلام ہے جوبنی نوع انسان کو عبادت کے علاوہ کائنات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک پڑھا لکھا انسان مثلاً سائنسدان، انجینئر، ڈاکٹر وغیرہ جب اس کا کھلے دل و دماغ سے مطالعہ کرتا ہے تو اسے اپنے علم کے مطابق اِ س قرآن کے سمندر سے موتی مل جاتے ہیں۔

بدقسمتی یہ ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت اسے محض مذہبی کتاب کی حیثیت دیتی ہے۔ اوریہ قرآن مسلمانوں کے گھروں کے کونوں میں سالوں پڑا گرد آلود رہتا ہے۔ اول تو کوئی اسے سمجھنے کیلئے کھولتا ہی نہیں ہے ۔ جو کھولتا ہے وہ بھی اپنے فرقے کے موافق آیات ڈھونڈتا ہے تاکہ انہیں گولی کی طرح فٹ کردیا جائے اور اپنے ٹارگٹ پر فائر کیا جائے۔نوجوان نسل میں اکثریت کا تو دور تک قرآن سے دوستی کا تعلق ہی نہیں ہوسکا۔ہمارے بوڑھے مردوخواتین بھی اسے ایک ثواب کی کتاب،کسی کے مرنے پر قرآن خوانی کی کتاب، کسی تقریب کیلئے باعث برکت،مشکلات کیلئے وظائف کی کتاب اور اسی طرح اپنے اپنے مواقع کے مطابق اسے وقتی استعمال کرلیتے ہیں۔

مجال ہے کہ کبھی قرآن کو ہدایت لینے کی غرض سے کھولیں، اللہ سے باتیں کرنے کیلئے کھولیں، دلوں کے زنگ کو دور کرنے کیلئے کھولیں، ریسرچ کرنے کیلئے کھولیں، کائنات کے اسرار جاننے کیلئے کھولیں۔

وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہوکر
اور تم ہوئے ذلیل و خوار تارک قرآن ہوکر

البتہ مسلمانوں نے کچھ معاملات میں بہت زیادہ ترقی کرلی ہے۔سب سے زیادہ ترقی یافتہ شعبہ کفر ہے جس میں ایک دوسرے کو کافر و جہنمی قرار دینانہایت معمولی بات ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے ترقی یافتہ شعبہ جات جھوٹ، غیبت،بے حیائی، مکاری، ملاوٹ، ناپ تول میں کمی، امانت میں خیانت، قتل و غارت، ،گالیاں دینا، فحش باتیں، لڑکیوں کے چکر میں موبائلزاور انٹرنیٹ کا استعمال وغیرہ۔ غرض یہ کہ جتنی معاشرتی و اخلاقی برائیوں کی فہرست ہے وہ مسلمانوں میں باآسانی دیکھی جاسکتی ہے۔

میرے خیالات سے کوئی اتفاق کرے یا نہ کرے لیکن ذرا مسلمانوں کی تحقیق و ریسرچ کی انتہا دیکھئے:

  • اسلام میں کونسا فرقہ جنتی اور دوخی ہے
  • قرآن کسی مترجم کا پڑھنا چاہئے
  • موسیقی جائز ہے یا ناجائز
  • تصویر بنانا چاہئے یا نہیں 
  • ڈاڑھی کا سائز 
  • پائجامہ ٹخنوں سے اوپر یا نیچے
  • کونسے فرقے کے امام کے پیچھے نماز ۔ بریلوی، دیوبندی یا اہلحدیث
  • آمین زور سے یا آہستہ
  • نماز میں ہاتھ سینے پر یا زیر ناف
  • حاظر ناظر
  • فاتحہ جائز یا ناجائز

دوسری جانب وہ غیرمسلم جنہیں ہم گالیا ں دیتے ہیں انکی تحقیق و ریسرچ دیکھئے:

  • بجلی
  • ٹیوب لائٹ
  • بلب پنکھا
  • ٹیلیویژن
  • ریفریجریٹر
  • ٹیلیفون
  • موبائلز
  • کیمرہ
  • کمپیوٹر
  • انٹرنیٹ
  • لیپ ٹاپ
  • وائرلیس ،
  • سیٹیلائٹ
  • گاڑی
  • موٹر سائیکل
  • ریل گاڑی
  • ہوائی جہاز
  • جدید اسلحہ جات و تباہ کن ٹیکنالوجی
  • ورچوئل ریئیلیٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس
  • روبوٹس اور خود کار مشینی نظام

غیرمسلموں کی جدید سائنس جس بنیاد پر کھڑی ہے اس کو تعمیر ہمارے مسلم سائنسدانوں نے ہی کیا تھا لیکن ہمارے علوم چوری کرکے غیرمسلموں نے ترقی کرلی اور ہم مسلمانوں کو بہت چالاکی سے فضولیات میں الجھاکر مصروف کردیا ۔اس سے اندازہ لگالیں کہ مسلمان ہونے کے باوجود ہم کیوں دنیا میں ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔

Date: May 25, 2017


Rightful Religion | God of Nature
Copyright © 2017 - 2021 All rights reserved.